اسلام آباد ہائیکورٹ کو خاص طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں: عمران خان 

09:02 PM, 2 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

گجرات : سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانو تیار ہو جاؤ ہم نے ظلم کا مقابلہ کرنا ہے،ظلم کیا جاتا رہا تو تحریک اسلام آباد کی طرف آئے گی اور آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ یہ ہمارے خلاف جتنی مرضی ایف آئی آرز کاٹ لیں کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔پی ڈی ایم اب جیت نہیں سکتی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کو خاص طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

گجرات جلسے سے خطاب میں چیئرمین پی  ٹی آئی نے کہاکہ انکی حکومت کیخلاف پراپیگنڈا کیا گیا ،یہ مہنگائی نہیں اپنی  کرپشن  کیسز ختم کرنے آئے ہیں۔سیلاب متاثرین کیلئے ساڑھے 5ارب اکھٹے کئے ،مزید پیسہ بھی جمع کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ قانونی کارروائی کا مطالبہ کرنے پر میرے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ بنا دیا گیا۔ قوم کو حقیقی آزادی کیلئے جگانے کی کوشش کررہا ہوں، شعور دینے کا مشن پورا کروں گا۔ پاکستان عظیم ملک ہے کسی سے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں،۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ عدلیہ سے کہتی ہے کہ عمران خان کے خلاف ایکشن لو۔میری حکومت کے خلاف پراپیگنڈا کیا گیا ۔ جب حکومت میں تھے تو مہنگائی کا شور مچایا جاتا تھا۔ بلاول بھٹو نے بھی مہنگائی مارچ کیا اور کہا عمران خان کی کانپیں ٹانگ گئیں۔ بلاول پتا نہیں زرداری ہے یا بھٹو، 14 سال میں اردو تو سیکھ لو۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ یہ لوگ ہمیں کہتے تھے کہ آئی ایم ایف کے غلام ہیں، ملک آئی ایم ایف کو بیچ دیا۔ اب 4 ماہ میں ایسا کیا ہوا کہ مہنگائی 45 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔یہ مہنگائی نہیں اپنے کرپشن کیسز ختم کرنے آئے ہیں۔سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ 

مزیدخبریں