آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ثابت نہ ہونے پر منظور وسان کیخلاف انکوائری بند

03:16 PM, 2 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماءاور صوبائی وزیر منظور وسان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی انکوائری شواہد نہ ملنے کے باعث بند کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کیس میں نیب پراسیکیوٹر نے سندھ ہائیکورٹ میں تحریری جواب جمع کرایا جس میں بتایا کہ منظور وسان کے خلاف الزام ثابت نہیں ہوا اس لئے ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق انکوائری بند کر دی گئی ہے۔
نیب کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منظور وسان کی آمدن سے متعلق ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا، منظور وسان کے 2005ء سے لے کر 2019ءتک کے اثاثوں کی انکوائری کی گئی، فائنڈنگز کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی سفارش کی گئی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انکوائری صرف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق بند کی جا رہی ہے، اس انکوائری کا اثر کسی نئی انکوائری یا پہلے سے جاری انویسٹی گیشن پر نہیں ہو گا۔سندھ ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کے بعد منظور وسان سے متعلق درخواست نمٹا دی ہے۔ 

مزیدخبریں