نئی دہلی :عالمی وبا نے جہاں پوری دنیا کو افرا تفری میں ڈالے رکھا وہیں کورونا کے ڈیلٹا ویرئنٹ نے بھارت میں سب سے زیادہ تباہی مچائی ،ابھی کورونا جیسی بیماری کا خاتمہ نہیں ہوا وہیں بھارت میں ایک اور خطرناک بیماری نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے ۔
بھارتی ریاست اتر پردیش میں پُراسرار بخار لوگوں کی جانیں لینے لگا، 12 روز میں 45 بچوں سمیت 60 افراد ہلاک ہوچکے ہیں،بیشتر کیسز اور اموات بھی فیروزآباد شہر میں ہوئی ہیں۔
طبی ماہرین نے پُراسرار بخار کو ڈینگی اور میلریا سے ملتی جلتی بیماری قرار دیا ہے،فیروزآباد میڈیکل کالج میں اس وقت 285 بچوں سمیت 375 افراد زیر علاج ہیں۔محکمہ صحت نے اس بیماری کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہیں، جس کے تحت پانی کے نمونے اور مرنے والوں کا میڈیکل ٹیسٹ بھی کیا گیا۔
اتنی تیزی سے ہونے والی اموات کی وجہ سے لوگ اس بخار کو وبا سمجھ رہے ہیں،متعدد شہری اپنے گھروں کو چھوڑ کر دوسرے شہروں میں منتقل ہوچکے ہیں۔