انقرہ :عالمی وبا کی وجہ سے جہاں پوری دنیا میں حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں وہیں ترکی نے بھی پاکستان سمیت دیگر ممالک پر مختلف پابندیاں عائد کر رکھی تھیں جس میں اگر کوئی بھی شخص پاکستان یا دیگر ممالک سے ترکی آتا ہے تو اسے 15 دن کیلئے قرنطینہ میں رہنا پڑتا تھا لیکن اب ترکی نے پاکستان سمیت بھارت اور بنگلہ دیش سے یہ پابندی اُٹھا لی ہے ۔
ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق ترکی نے پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش سے آنے والے افراد کے لیے پالیسی تبدیل کردی، کورونا ویکسی نیشن اور منفی رپورٹ دکھانے والوں کو قرنطینہ کی چھوٹ دے دی گئی ہے ۔
ترک وزارت صحت کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش سے آنے والے مسافر،72 گھنٹے کے اند ر منفی پی سی آر رپورٹ ،،اور 14 دن قبل عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ ویکسین کی دو خوارکیں لگوانے کی صورت میں اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ان میں فائزر، آسٹرازینیکا، جانسن اینڈ جانسن، موڈرنا، سائنوفارم اور سائنو ویک شامل ہیں۔