امریکا میں طوفان آئیڈا کی تباکاریاں جاری، 14 افراد ہلاک

09:20 PM, 2 Sep, 2021

نیو یارک: امریکا میں طوفان آئیڈا کے باعث ہونے والی ریکارڈ توڑ بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں 14 افراد ہلاک ہو گئے۔

امریکا کی کئی ریاستیں طوفان آئیڈا کی زد میں ہیں اور طوفان کے باعث ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے سب سے بڑے امریکی شہر نیو یارک میں تباہی پھیلا دی ہے۔ شدید بارش کے سبب سڑکیں پانی سے بھر گئی ہیں اور نیویارک کی تقریباً تمام زیرزمین چلنے والی ٹرینیں معطل ہیں جب کہ درجنوں پروازیں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔

نیو یارک میں محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق نیو یارک میں بارشوں کے باعث کل 9 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے 8 افراد گھر کی بیسمنٹ میں پانی بھر جانے کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

دیگر امریکی ریاستوں نیو جرسی اور پنسلوانیا میں بھی بارش نے شدید تباہی پھیلائی ہے اور نیو جرسی میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ریاستی گورنرز کی جانب سے تینوں ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق تینوں متاثرہ ریاستوں میں بجلی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہوئی ہے اور تقریباً ایک لاکھ گھروں کی بجلی ابھی تک بحال نہیں ہو سکی جبکہ کئی مقامات پر درخت گرنے اور مواصلاتی نظام میں خلل آنے کی بھی اطلاعات  ہیں۔

مزیدخبریں