اسلام آباد، پارک میں کینیا کی ڈپٹی ہائی کمشنر کے ساتھ بدسلوکی کا انکشاف

اسلام آباد، پارک میں کینیا کی ڈپٹی ہائی کمشنر کے ساتھ بدسلوکی کا انکشاف
کیپشن: اسلام آباد، پارک میں کینیا کی ڈپٹی ہائی کمشنر کے ساتھ بدسلوکی کا انکشاف
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت کے ایک پارک میں 14 اگست کو کینیا کی ڈپٹی ہائی کمشنر کے ساتھ بدسلوکی کا انکشاف ہوا ہے۔

سینیٹر ولید اقبال کی زیر صدارت سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 14 اگست کو مینار  پاکستان پر خاتون ٹک ٹاکر کے ساتھ بدسلوکی کیس پر پیش رفت اور ملک  میں اس طرح کے بڑھتے واقعات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے انکشاف کیا گزشتہ دنوں کینیا کی ڈپٹی ہائی کمشنر نے انہیں بتایا کہ 14 اگست کو لیک ویو پارک اسلام آباد میں ان کے ساتھ بھی بدسلوکی کی گئی تھی۔

مشاہد حسین سید کے مطابق کینیا کی ڈپٹی ہائی کمشنرنے انہیں بتایا کہ ان کے ساتھ ڈرائیور اور ایک ساتھی بھی تھا لیکن اس کے باوجود لوگوں نے ان کے بال نوچے اور ہاتھا پائی کی۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے اور اس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جبکہ ایک ماحول بنتا جارہا ہے اور اب غیرملکی سفارت کار بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں، ہم سیاحت کےفروغ کی بات کرتے ہیں ان حالات میں کون یہاں آئے گا۔