بھارتی ریاست میں شدید بارشیں ، مسافروں سے بھری بس پانی میں بہہ گئی

بھارتی ریاست میں شدید بارشیں ، مسافروں سے بھری بس پانی میں بہہ گئی

نئی دہلی: بھارتی ریاست تلنگانہ میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی، مسافروں سے بھری بس پانی میں بہہ جانے سے 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے۔ ‘کاماریڈی’ اور ‘سدی پیٹ’ علاقوں کو جوڑنے والے پل سے بس پھسل کر ندی میں جاگری اور پانی کا بہاؤ اسے اپنے ساتھ لے گیا، حادثے میں چار افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارش کے باعث ندی کا پانی بھر کر پل کی سطح پر آگیا تھا جبکہ پانی کے بہاؤ کو کم سمجھتے ہوئے بس ڈرائیور نے گاڑی پل سے گزارنے کی کوشش کی تو بس کا ایک ٹائر نیچے اترگیا جس کے بعد بس پانی کے بہاؤ میں بہہ گئی اس حادثہ کے وقت گاڑی میں 29 مسافر سوار تھے۔

اس  حادثے کے دوران مقامی افراد کچھ مسافروں کو بچانے میں کامیاب بھی ہوئے۔

مذکورہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں حکام اور دیہاتیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بس نکالنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔بعد ازاں پانی میں مزید اضافہ ہونے پر سیلاب میں بس مکمل طور پر بہہ گئی۔