اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اس وقت عالمی برادری کو افغانستان میں خوشحالی اور امن و استحکام کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کرنا چاہیے ،افغانستان کا امن خطے کے امن و استحکام کیلئے بہت ضروری ہے ۔
چھٹے تھنک ٹینک فورس سے بذر یعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس بات پر زور دیاکہ بین الاقوامی برادری افغانستان کو امن، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ذمہ داری میں اپنا کردار ادا کرے، پاکستان افغان امن عمل میں سہولت کار کا کردار جاری رکھے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان وہ واحد ملک تھا جس نے ہمیشہ کہا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، پاکستان نے مثبت انداز میں امریکہ طالبان مذاکرات کی حمایت کی جس کے نتیجے میں انٹرا افغان ڈائیلاگ ممکن ہوسکے۔
انہوں نے کہا افغانستان میں امن اور استحکام کسی بھی اور ملک کے مقابلے میں پاکستان کے مفاد میں ہے۔ افغانستان میں تنازعات کا تسلسل اور غیر مستحکم صورتحال ہمارے مفاد میں نہیں ہے،عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ افغانستان کو خوشحالی کی راہ پر گامز ن کرے ۔