لندن : برطانیہ میں دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد کو جلد کوویڈ ویکسین کی تیسری ڈوز لگائی جائے گی ۔ تاہم محکمہ صحت کی طرف سے ابھی حتمی تاریخ کا فیصلہ نہیں کیا گیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں پانچ لاکھ کے قریب ایچ آئی وی ، بلڈ کینسر اور دیگر کئی مہلک امراض اور کمزور امیون سسٹم کے حامل افراد موجود ہیں جن کو جلد از جلد کورونا ویکسین کی تیسری ڈوز لگانا ضروری ہے ۔
حکام کے مطابق ایسے ہائی رسک افراد کو ایکسڑا ڈوز پہلے لگائی جائیں گی تاکہ ان کا امیون سسٹم بہتر ہوسکے لیکن جوائنٹ کمیٹی آف ویکسی نیشن ابھی ڈوز لگانے کی تاریخ کا حتمی فیصلہ نہیں کرسکی ۔
سابق سیکرٹری صحت جرمی ہنٹ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ابھی ڈیٹا مکمل نہیں ہوا جس کی وجہ سے بوسٹر ڈوز کا ابھی فیصلہ نہیں ہوسکا ۔ ان کا کہنا تھا کہ بارہ سال سے کم عمر بچے اور کمزور امیون سسٹم والے حضرات ہماری پہلی ترجیح ہوں گے ۔
دوسری طرف ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ تیسری ڈوز جتنی جلد ممکن ہو وہ لگنی چاہئے ۔ فائزر اور موڈرنا کو تیسری ڈوز کے لئے ترجیح دی جارہی ہے ۔
ماہرین کے مطابق تیسری ڈوز ہائی رسک افراد کے امیون سسٹم کی بہتری کے لئے ضروری ہے جس سے ان کی اندرونی کمزوری پر کورونا وائرس حملہ آور نہیں ہوسکے گا ۔