پنجاب کے 25 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن میں نرمی

پنجاب کے 25 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن میں نرمی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پنجاب کے 25 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن میں 15ستمبر تک نرمی کردی گئی جس تحت مذکورہ اضلاع میں بازار اور کاروباری مراکز رات 10 بجے تک کھلیں گے۔
سمارٹ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ریسٹورنٹس میں 50 فیصد افراد کو رات 12 بجے تک ان ڈور ڈائننگ کی اجازت ہو گی اور صرف مکمل ویکسی نیشن والے افراد ہی ریسٹورنٹس میں داخل ہو سکیں گے۔ اس کے ساتھ ہی تمام مزارات بھی کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ کے حکم نامے کی روشنی میں محکمہ اوقاف نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جس میں بتایا گیا ہے کہ کھولے گئے مزارات پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔
دوسری جانب ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن کا سلسلہ جاری ہے اور اس وقت تک ویکسین کی اہل 35 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے اور اسلام آباد اس حوالے سے پہلے نمبر پر ہے جہاں ویکسین کی اہل 69 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن ہو چکی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ اگست کے آخر تک 24 بڑے شہروں میں 40 فیصد آبادی کی کم از کم جزوی ویکسین کا ہدف مقرر کیا تھا اور ملک کے 20 شہروں نے ہدف پورا کرلیا جبکہ ملک بھر میں 17 سال کے نوجوانوں کی کورونا ویکسی نیشن کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک جانے والے 12 سال اور زائد عمر کے افراد کو ویکسین بوسٹر بھی لگائی جارہی ہے جبکہ ملک میں ایک روز میں سب سے زیادہ ویکسین لگانے کا ریکارڈ بھی بن گیا اور ایک ہی دن میں 15 لاکھ 90 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی۔