اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ممتاز کشمیر رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جرات مندانہ جدوجہد کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے حق خود ارادیت کیلئے اپنی ساری زندگی کو اپنے لوگوں کیلئے وقف کر دیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں کی قید وبند کی اذیتیں برداشت کرنے کے باوجود اپنے عزم پر قائم رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سید علی گیلانی کے یہ تاریخی الفاظ یاد کرتے ہوئے کہ ’ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔‘ ان کی کی جرات مندانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ سید علی گیلانی کے انتقال پر آج پاکستان بھر میں سرکاری سطح پر یوم سوگ مناتے ہوئے قومی کو پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کی وفات پر افسوس اور گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سید علی گیلانی کی جدوجہد بھارتی قبضے کے خلاف ناقابل تسخیر عزم کی علامت ہے۔
ادھر آزاد کشمیر کے وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے بھی ممتاز حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی رحلت کشمیری عوام کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔
آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے بھی بزرگ کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر عام تعطیل اور تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔