اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کے سینئر حریت رہنما سیّد علی گیلانی کی وفات پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سید علی گیلانی باہمت، نڈر اور مخلص رہنما تھے جبکہ سید علی گیلانی کی وفات سے کشمیر ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سید علی گیلانی عمر بھر بھارتی سامراجیت کے خلاف ڈٹے رہے اورسید علی گیلانی ایک باہمت، نڈر اور مخلص رہنما تھے اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے جبکہ اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیراعظم عمران خان نے سید علی گیلانی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اچانک رحلت کا سن کر افسوس ہوا، سید علی گیلانی کی پوری زندگی جدوجہد آزادی میں گزری۔ وزیراعظم نے سید علی گیلانی کے انتقال پر ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا اور پاکستانی پرچم کل سرنگوں رہے گا۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹویٹر پرلکھا کہ سیّد علی گیلانی کے انتقال پر پاکستان افسوس کا اظہار کرتا ہے اور وہ تشدد کے باوجود کشمیر کی آزادی کی تحریک میں صدا بلند کرتے رہے۔ وہ قابض انتظامیہ کی طرف سے گھر پر نظر بند ہونے کے باوجود کشمیر کے حقوق کے لیے لڑتے رہے۔ اللہ پاک ان کی روح کو سکون عطا فرمائے اور آزادی کے خواب کو حقیقت بنائے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ حریت رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر گہرے رنج او غم کا اظہار کرتا ہوں اور لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدری جبکہ کشمیری قوم سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔ کاش مقبوضہ وادی جا سکوں اور گیلانی صاحب کی تدفین میں شامل ہوسکوں۔ پوری کشمیری قوم کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا کہ سید علی گیلانی کشمیر میں آزادی کی تحریک کا دوسرا نام تھے۔ سید علی گیلانی کی زندگی جہدِ مسلسل کا ایک استعارہ تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سیّد علی گیلانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہادر کشمیری رہنما تھے، ان کی آزادی کشمیر کے لیے بے پناہ قربانیاں ہیں، تحریک آزادی کشمیر کے لیے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ زندگی کی آخری سانس تک تحریک آزادی کے لیے آواز بند کرتے رہے۔ یہ خلاء کوئی بھی پر نہیں کر سکے گا۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ٹویٹر پر لکھا کہ سیّد علی گیلانی گزشتہ اور اس صدی کےعظیم مجاہدآزادی، سب سےبڑے پاکستانی اور دنیا بھر کےحریت پسندوں کےلیےامید و حوصلےکا مرکز تھے۔
انہوں نے لکھا کہ پاکستان آج اپنے سب سے وفادار بیٹے سے محروم ہوا ہے۔ بھارتی سامراج کے سامنے ان کی جدوجہد تاریخ میں ایک ضرب المثل کے طور پر ہمیشہ موجود رہے گی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر عبد القیوم خان نیازی اور صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان نے بھی سینئر حریت رہنما سیّد علی گیلانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی طویل علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کر گئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کی ایک انتہائی توانا آواز بابائے حریت سید علی گیلانی آج سرینگر میں داعی اجل کو لبیک کہہ گئے ہیں۔
قابض بھارتی انتظامیہ نے سید علی گیلانی کو گزشتہ12 برس سے سرینگر میں گھر میں مسلسل نظر بند کر رکھا تھا جسکی وجہ سے انکی صحت انتہائی گر چکی تھی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی کی وفات سے کشمیریوں نے ایک ایسا رہنما کھو دیا ہے جن کے ساتھ سارے حتیٰ کہ مخالفین بھی محبت رکھتے تھے۔