اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات عاصم باجوہ سینیئر صحافی احمد نورانی کے الزامات کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صرف الزامات کو سامنے رکھ کر کوئی بات نہیں کرسکتا، عاصم باجوہ خود ہر بات کا جواب دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب کو لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کے جواب کا انتظار کرنا چاہیے، یکطرفہ مؤقف پر تو اسٹوری نہیں بنتی، ہمیں دونوں طرف کی کہانی سننی چاہیے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر ان کو احتساب کے لیے 6 ماہ وزارت داخلہ دیں تو سب کچھ سیٹ ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اپنی ٹوئٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا بھی کہنا تھا کہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ اپنے اثاثوں کی خبروں سے متعلق خود چند روز میں وضاحت کریں گے۔