نواز شریف سرنڈر کر دیں ورنہ پارٹی کی قیادت ہاتھ سے چلی جائے گی, شیخ رشید

نواز شریف سرنڈر کر دیں ورنہ پارٹی کی قیادت ہاتھ سے چلی جائے گی, شیخ رشید
کیپشن: حکومت سندھ اور وفاق کو چاہیے کہ وہ کراچی کے حقیقی مسائل کے حل کیلئے مل بیٹھیں، شیخ رشید۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ شید احمد نے پارٹی قیادت شہباز شریف کے ہاتھ میں جانے سے بچانے کیلئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سرنڈر کرنے کا مشورہ دیدیا ہے۔

شیخ رشید نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو سرنڈر کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایسا نہیں کریں گے تو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت شہباز شریف کے پاس چلی جائے گی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کراچی کی عوام کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے۔ یقین ہے کہ ان کی پریشانیوں کے ازالے کیلئے ایک بڑا پیکج دیا جائے گا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ حکومت سندھ اور وفاق کو چاہیے کہ وہ کراچی کے حقیقی مسائل کے حل کیلئے مل بیٹھیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ فرنٹ فٹ پر کھیل رہے ہیں اور اس وقت حقیقی اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں عمران خان کی حکومت مزید مضبوط ہو گی۔ دونوں بڑی پارٹیوں کو اسمبلیوں سے مستعفی ہوتا نہیں دیکھ رہا۔ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نارمل کھیل رہے ہیں۔