کوئی بھی مذہب کسی کوقتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا ، وزیر اعظم عمران خان

 کوئی بھی مذہب کسی کوقتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا ، وزیر اعظم عمران خان
کیپشن: Image Source : PTI Twitter Account

لاہور:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیر میں گزشتہ 29 دنوں سے کرفیو نافذ کرکے 80 لاکھ لوگوں کو گھروں میں بند کر دیا گیا ہے۔ ہندو مذہب بھی ایسے مظالم کی اجازت نہیں دیتا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق ، وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس لاہور میں سکھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگ سے مسائل حل نہیں ہوتے، ایک حل ہو بھی تو چار مسائل مزید کھڑے ہو جاتے ہیں۔ جب حکومت سنبھالی تو پہلی کوشش تھی بھارت سے تعلقات بہتر ہوں۔ بھارت کو ایک قدم پر دو قدم آگے بڑھنے کا پیغام دیا۔

 

وزیراعظم نے کہا  کہ کوئی بھی مسئلہ جنگ سے حل نہیں ہوتا۔ اگر کوئی جنگ کی بات کرے گا تو اسے عقل نہیں ہے۔ بھارت اور پاکستان کا ایک ہی مسئلہ غربت اور بے روزگاری ہے۔ کوئی بھی مذہب کسی کوقتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا لیکن آر ایس ایس کے لوگ بھارت میں گوشت کھانے والوں کو قتل کر دیتے ہیں۔

 

انہوں  نے کہا کہ میرے والدین پاک ،بھارت آزادی سے پہلے بھارت میں پیدا ہوئے تھے۔ ہم نے داستانیں سنیں کہ بھارت میں مسلمانوں کیساتھ بڑا ظلم کیا گیا۔ آج بی جے پی اس نظریے پر چل رہی ہے جس وجہ سے پاکستان بنا تھا۔

 

انہوں نے کہا کہ انسانی معاشروں میں رحم ہوتا ہے۔ کشمیر میں گزشتہ 29 دنوں سے کرفیو نافذ کرکے 80 لاکھ لوگوں کو گھروں میں بند کر دیا گیا ہے۔ ہندو مذہب بھی ایسے مظالم کی اجازت نہیں دیتا۔

 

وزیراعظم نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی سے اب سکھوں کو بھی خطرہ ہے۔ کشمیر میں اگر سکھ کمیونٹی بھی ہوتی تو ہم تب بھی آواز بلند کرتے۔