اسلام آباد: بابا گرو نانک کی 550 ویں سالگرہ پرکرتار پور راہداری کھولنے کے معاملے پر پاکستان کی اعلیٰ مذاکرات کی پیشکش بھارت نے قبول کر لی۔کرتارپور راہداری پر پاکستان اور بھارت میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات 4 ستمبر کو ہوں گے جس میں پاکستانی وفد کی قیادت ترجمان دفتر خارجہ و ڈی جی ساؤتھ سارک ڈاکٹر فیصل کریں گے۔ پاکستان کی پیشکش کا بھارت نے باضابطہ جواب دے دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین یہ اعلیٰ سطح مذاکرات کا تیسرا دور ہو گا۔ مذاکرات واہگہ ،اٹاری سرحد بھارتی علاقے میں ہونا طے پائے ہیں۔ دوطرفہ مذاکرات پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مخلصانہ کوشش ہے کہ حتمی مسودے پر اتفاق رائے طے پا جائے۔ کرتارپور راہداری منصوبے کے مسودے پر تاحال 80 فیصداتفاق رائے ہے۔