نادرا کا پختون شہریوں کیلئے خصوصی سینٹر کھولنے کا اعلان،آرٹی ایس سسٹم کریش نہیں ہوا تھا:عثمان یوسف

03:44 PM, 2 Sep, 2018

لاہور:نادرا نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پختون شہریوں کے شناختی کارڈ بنانے کے لیے لاہورمیں سپیشل سینٹربنانے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہورمیں مقیم پختونوں نے گزشتہ روز لاہور میں وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے شناختی کارڈز کے مسائل حل کیے جائیں۔وزیراعظم کی ہدایت پر آج چیئرمین نادرا عثمان یوسف نے نادرا ہیڈکوارٹرلاہورمیں پختون شہریوں اوران کے نمائندوں سے ملاقات کی اور مسائل سنے۔

پختون شہریوں نے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ نادرا حکام شہریوں کو تنگ کرتے ہیں اور حقارت سے دیکھتے ہیں جب کہ ہمیں دفاتر سے نکال دیا جاتا ہے، حالانکہ ہم بھی پاکستان کے وفادار شہری ہیں۔

چیئرمین نادرا نے کہا کہ آج وزیراعظم کی ہدایت پر پختون شہریوں کے مسائل سنے ہیں، مسئلہ یہ بھی ہے کہ افغان باشندوں کے شناختی کارڈز ِبنانے کے لیے مقامی پختون انہیں اپنا بھائی ظاہرکرتے ہیں، جن پختونوں نے خود کو افغان مہاجر ظاہرکرکے امدادی رقم حاصل کی وہ اب پھرواپس پاکستان آگئے ہیں۔

چیئرمین نادرا نے کہا پختونوں کے شناختی کارڈزبنانے کے لیے اسپیشل سینٹربنایا جائے گا، ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں کے شناختی کارڈز کا مسئلہ ہے، یہ مسئلہ 40 سال سے درپیش ہے،راتوں رات حل نہیں ہوسکتا ہے۔


چیئرمین نادرا نے کہا کہ الیکشن والے روز آر ٹی ایس سسٹم کریش نہیں ہوا تھا، جبکہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے سسٹم تیارکردیا ہے۔

مزیدخبریں