لاہور: پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اعتزاز احسن سے بہتر صدارتی امیدوار نہیں ہوسکتا،مسلم لیگ ن سے حمایت مانگی تھی ،امید تھی کہ اپوزیشن اعتزاز احسن کے نام پر متفق ہوجائی گی،انہوں نے اس امید اظہار بھی کیا کہ فضل الرحمان ہماری دستبردارہونے کی درخواست مان لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کے ساتھ لاہور آئے ہیں،مختلف ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے،ان کا کہناتھا کہ مولانافضل الرحمان نے خفت مٹانے والی بات کی ہے،تمام باتیں بغیرکسی طنز کے ہو سکتی ہیں،ووٹ کیلئے نوازشریف کے پاس جیل جانے کیلئے بھی تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر کا عہدہ اب بڑے اختیارات کا حامل نہیں، اعتزازکے صدربننے سے عہدے کے اختیارات اہمیت اختیار کرجائیں گے اوراس عہدے کی اہمیت بڑھ جائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا کوئی اتحاد نہیں ہے ،اپوزیشن نہ پہلے متحد تھی اور نہ اب ہے ،ان کا کہناتھا کہ سیاسی سفر میں معافیاں نہیں مانگی جاتیں، معافی مانگنے کی روایت چلی توہرجماعت کوپیپلزپارٹی سے معافی مانگنی پڑے گی۔