کراچی:گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے چھاپے اور پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کے ہسپتال کے کمرے سے ملنے والی مبینہ شراب کی بوتلوں کے معاملے کی تحقیقات کےلئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے ڈی آئی جی ساﺅتھ جاوید عالم اوڈھو کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دےدی جبکہ اس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساﺅتھ عبداللہ جان اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ شبیر میمن بھی تحقیقاتی ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ تحقیقاتی ٹیم کراچی پولیس کے کسی بھی افسر یا رکن سے معاونت حاصل کرسکتی ہے۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شرجیل میمن کے کمرے سے ملنے والی بوتلوں کا کیمیکل ایگزامینر سے شہد، زیتون کے تیل کا تجزیہ کرایا جائے گا جبکہ شرجیل میمن کے خون کے نمونے بھی ٹیسٹ کےلئے نجی ہسپتال بھیجے گئے ہیں۔نجی ہسپتال سے شرجیل میمن کی ٹیسٹ رپورٹس کل ملیں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کلفٹن میں واقع ضیاءالدین ہسپتال کا اچانک دورہ کیا جہاں زیرعلاج پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں، سگریٹس اور منشیات برآمد ہوئیں۔