کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے حلقہ این اے 243 کے ضمنی انتخاب سے قبل ہی پارٹی رکنیت چھوڑ دی اور اپنا استعفیٰ خالد مقبول صدیقی کو بھجوادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علی رضا عابدی نے اپنے استعفیٰ کی کاپی اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھاکہ انہوں نے پارٹی رکنیت کا استعفیٰ کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی کو بھجوادیا ہے اور رکنیت چھوڑنے کی وجہ ذاتی ہے۔
علی رضا عابدی نے این اے 243 پر ضمنی انتخاب کے لیے نظرانداز کیے جانے پر دل برداشتہ ہوکر استعفیٰ دیا ہے۔ایم کیو ایم پاکستان نے این اے 243 پر علی رضا عابدی کی جگہ فیصل سبزواری کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
خیال رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں کراچی کے حلقہ این اے 243 کی نشست پر موجودہ وزیراعظم عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی اور اب اس نشست پر 14 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہوگا۔