فیصل آباد : وزیرمملکت برائے توانائی عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ ماضی میں کرپٹ حکومتوں نے اپنی مدت مکمل کی مگر نواز شریف کو اُس وقت نااہل قرار دیا گیا کہ جب ملک میں ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے کوتھے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آج سی پیک کے خلاف سازش کی جارہی ہے ۔عمران خان اور ان کے رنگ بازوں کی صورت میں ایک ڈرامہ رچایا گیا۔ ان کی قربانی کا وقت آگیا ہے عوام ایسے دوغلے بکرے نہیں رکھتی۔
فیصل آباد کے علاقے ناظم آباد کے خالد پارک میں نماز عید ادا کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو شکست دینے کی خواہش رکھنے والے مشرف کی باقیات ہیں ۔
17 ستمبر کو نواز شریف کی قیادت میں این اے 120 کا الیکشن مسلم لیگ ن ہی جیتے گی، جمہوریت پر شب خون مارنے والوں کو منہ کی کھانی ہوگی ۔این اے 120 کا ضمنی الیکشن اور سال 2018 کا الیکشن ثابت کرے گا کہ قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے اور نواز شریف ہی پاکستان کےحقیقی لیڈر ہیں ۔ جو غافل روز فال نکالتے ہیں انہیں الیکشن میں پتہ لگ جائے گا کہ عوام نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ ماضی میں گرفتاریوں سے نہیں ڈرے تب بھی نواز شریف کو قلعوں میں بند کیا گیا اور آئین توڑنے والوں کو کمر درد کا بہانہ بنا کر بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی۔ جو کسی سیاستدان نے نہیں دی۔
اور یہ پرویز مشرف خود بتا چکے ہیں۔ اس لیے سیاستدانوں میں کیچڑ اچھالنے کی سازش بند کی جائے۔عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ ملک میں جب منصوبے پورے ہونے جارہے تھے۔ تو نواز شریف کی حکومت کو چھیڑا گیا۔ اور جن لوگوں نے ملک کو اندھیروں میں دھکیلا انہیں مدت پوری کرنے دی گئی.