الیکشن اپنے وقت پر ہوتے نظر نہیں آرہے : نوید قمر

الیکشن اپنے وقت پر ہوتے نظر نہیں آرہے : نوید قمر

حیدرآباد :پیپلزپارٹی کے سابق وفاقی وزیر سید نوید قمر کاکہنا ہےکہ الیکشن کا تھوڑا بہت سلسلہ شروع ہوا ہے لیکن الیکشن اپنے وقت پر ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں۔


پیپلز پارٹی کے سابق وزیر سید نوید قمر نے میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کا تھوڑا بہت سلسلہ شروع ہوا ہے لیکن الیکشن اپنے وقت پر ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں۔ نواز شریف کو اپنے بھائی کے دور حکومت میں پاکستان آجانا چاہئے تھا۔
ان کامزیدکہنا تھا کہ  الیکشن کے حوالے سے عوام کی نظریں الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں، پہلے احتساب کے نام پر الیکشن ملتوی ہوتے رہے ، اب معیشت کے نام پر ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کاموقف بالکل واضح ہے کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر کرائے جائیں۔


 انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کا کسی سے کوئی سیاسی اتحاد نہیں سب سے بات چیت چل رہی ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ تمام جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کا مکمل حق ملنا چاہئے ۔ ان کاکہنا تھا کہ  جتنی پارٹیاں زیادہ ہوں گی اتنی جمہوریت مستحکم ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی آئین کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ انتخابات چاہتی ہے ، پاکستان کے عوام کے حق میں یہ بات ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر کرائے جائیں اس سے پاکستان میں معاشی خوشحالی آئے گی اور جمہوریت مستحکم ہوگی۔ ابھی جس طرح کاماحول ہے اس میں کچھ پتہ نہیں ہے کہ صبح کیا ہوگا۔ 

مصنف کے بارے میں