سائفر کیس: ایف آئی اے کی عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت ان کیمرہ کرنے کی اپیل پر فیصلہ محفوظ

11:33 AM, 2 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر ایف آئی اے کی اِن کیمرا کارروائی کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔


اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایف آئی اے کی عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ان کیمرہ کرنے کی اپیل پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔  ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔


 

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ان کیمرا کارروائی کی درخواست ضمانت کی مرکزی درخواست کے ساتھ سنتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے کچھ دیر کے لیے وقفہ کر دیا۔


مختصر وقفے کے بعد چیف جسٹس عامر فاروق نے ایک ساتھ دونوں درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے  پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ایف آئی اے کی اِن کیمرا سماعت کی درخواست دیکھ لی ہے؟

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان  کے وکیل نے کہا کہ میں عدالت کے سامنے کچھ گزارشات رکھنا چاہتا ہوں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ پراسیکیوشن نے درخواست دی ہے، پہلے انہیں دلائل دینے دیں، ٹرائل کا معاملہ الگ ہے، کیا ضمانت کی سماعت بھی اِن کیمرا ہو سکتی ہے؟ مجھے اس حوالے سے تو نہیں معلوم، آپ بھی دیکھ لیجیے گا۔

شاہ خاور ایڈووکیٹ نے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کو پبلک نہیں کیا جاسکتا، آج ہم ایک درخواست ٹرائل کورٹ میں بھی دائر کر رہے ہیں، سائفر سیکریٹ دستاویز ہے، اسے ڈی کوڈ کون کرے گا؟

عدالت نے استفسار کیا کہ سائفر سے متعلق کوئی کوڈ آف کنڈکٹ یا ایس او پی ہے تو بتا دیں۔

دورانِ سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل بھی عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے سائفر کے کوڈ آف کنڈکٹ سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا۔

بعد ازاں عدالت نے ایف آئی اے کی عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ان کیمرہ کرنے کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ 

مزیدخبریں