لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں ۔احساس پروگرام ان کا ویژن ہے جو جاری رہے گا۔
اتوار کو وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے 100 ارب روپے کے پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغاز کر دیا۔ پنجاب احساس پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر،سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، مشیر عمر سرفراز چیمہ بھی ہمراہ تھے۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر اس رقم میں مزید اضافہ کریں گے۔ ٹارگٹڈ سبسڈی کا فائدہ عام آدمی کو پہنچتا ہے۔گھی،آٹا،دالیں اور آئل کے علاوہ دیگر اشیاء کو بھی اس میں شامل کرنے کا جائزہ لیں گے تاکہ غریب کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ احساس پروگرام کو پوری دنیا میں تسلیم کیاگیا ہے۔ غریب آدمی کو ریلیف دیناعمران خان کا ویژن ہے،جسے ہم نے عملی جامہ پہنایا ہے۔