سائفر پر ایف آئی اے کی تحقیقات کو مسترد کرتے ہیں: فرخ حبیب

03:51 PM, 2 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ سائفر پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی تحقیقات کو مسترد کرتے ہیں، سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیشن کے ذریعے سائفر کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ 
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ سائفر ایک حقیقت ہے، ہم نے اس سازش پر کمیشن قائم کر کے تحقیقات کا مطالبہ کیا، ایف آئی اے کی تحقیقات ایسے ہی ہیں کہ وزیر دخلہ رانا ثناءاللہ کو تحقیقات پر بٹھا دیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی عوام میں مقبولیت دیکھ کر ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، عمران خان کو گرفتار کرنا ان کی بہت بڑی بھول ہو گی، عمران خان نے صرف یہ خیال رکھا کہ کسی ملک سے تعلقات خراب نہ ہوں اور انہوں نے آڈیو لیک میں کوئی ایسی بات نہیں کی جو عوام میں نہ کی ہو، حکومت کو گھر بھیجنا لازمی ہو گیا ہے۔ 
فرخ حبیب نے کہا کہ قومی سلامتی کونسل کی میٹنگز میں خط پر بات ہوئی اور اس پر بھی بات ہوئی کہ مداخلت ہوئی، جب ریاست کی خود مختاری کو چیلنج کیا جائے گا تو ایبسلوٹلی ناٹ ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام کو 55 لاکھ نوکریاں اور صحت کارڈ دیا، مہنگائی قابو میں تھی، پیٹرول 145 روپے لیٹر مل رہا تھا لیکن پھر امریکی سازش ہوئی اور 5 ماہ میں حالات بدل گئے، عمران خان نے روس کا دورہ سستے پیٹرول اور گیس کیلئے کیا تھا۔

مزیدخبریں