اسلام آباد: عدالت عالیہ نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی منظوری کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے حکم نامہ تحریر کیا جس میں کہا گیا کہ 7 اکتوبر تک عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کی جاتی ہے، وہ 7 اکتوبر سے پہلے متعلقہ عدالت میں پیش ہوں۔
عدالت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کو اس عدالت کا فیصلہ غیر موثر ہو جا ئے گا، عمران خان کی ذاتی حیثیت میں پیشی کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔ عدالت عالیہ نے کہا کہ وکیل کے مطابق مجسٹریٹ نے بغیر نوٹس وارنٹ جاری کئے جبکہ وکیل کا موقف ہے کہ عمران خان کیس کی پیروی کیلئے تیار ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ وکیل کے مطابق اس کیس میں لگی تمام دفعات قابل ضمانت ہیں، وکیل کا کہنا ہے ان حالات میں پولیس عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتی ہے، وکیل نے کہا عمران کے گھر کو پولیس نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔
عدالت نے تحریری حکم نامے میں یہ بھی کہا ہے کہ وکیل کے مطابق یہی وجہ ہے کہ عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، ان کی ذاتی حیثیت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔
خاتون جج کو دھمکی کا کیس، عمران خان کی ضمانت منظوری کا تحریری حکم نامہ جاری
03:15 PM, 2 Oct, 2022