نارووال: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی سیاست بچانے کیلئے ملکی مفادات کے ساتھ کھیلے اور ایسا سودا فروخت کیا جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہ تھا، سازش کی تھیوری عمران نیازی کے ذہن کی ایجاد تھی جنہوں نے لوگوں کو ورغلانے میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی نے اپنا یہ حربہ خواتین کے ساتھ اپنائے رکھا اور ملکی تاریخ کا خطرناک کھیل کھیلا، عمران خان میں اتنی جرات نہیں وہ فنانشل ٹائمز کو عدالت میں لے کر جائے، عمران خان نے ناصرف اسٹیبلشمنٹ کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے ورغلایا بلکہ عدلیہ کو بھی اپنے مقاصد کیلئے ورغلایا، انہوں نے ہسپتال کے نام پر اربوں روپے اکٹھے کئے اور سیاست کیلئے استعمال کئے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام کے پیسے پر ڈاکہ ڈالا اور اپنی سیاست چلائی، عمران خان کا حقیقی آزادی کا نعرہ ڈرامے کے سوا کچھ نہیں تھا، آڈیو لیکس کے ذریعے عمران خان کا بیانیہ عوام کے سامنے کھل کر آ چکا ہے، اور ان کا سازش کا بیانیہ مٹی میں مل چکا ہے، عمران خان نے ذاتی مفادات کیلئے لوگوں کو استعمال کیا اور فارن فنڈنگ کرنے والے عمران خان کے ذریعے پاکستان میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا پر بھی منفی سیاست کی، سیلاب نے پورے ملک میں تباہی پھیلادی ہے مگر عمران خان سیلاب کے نام پر ربوں روپے اکٹھے کر کے ملک بھر میں جلسے کر رہے ہیں، یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کا ہے، عمران خان نے خواتین، پیسے والوں، اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ کے بعد عوام کو ورغلایا، عمران خان نے عدلیہ پر حملے کرکے ریڈ لائن کراس کی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کیخلاف مہم چلا کر ریڈ لائن کراس کی ہے، عمران خان نے فارن فنڈنگ اور ممنوعہ فنڈنگ کی ریڈ لائن کراس کی ہے، عمران خان نے توشہ خانے کی ریڈ لائن کو کراس کیا ہے، عمران خان نے عوام کو قومی اداروں کے خلاف کھڑا کیا، خیرات کے نام پر لئے پیسے کو الیکشن مہم میں استعمال کیا، عمران خان کو جلسوں اور اسلام آباد میں دھرنا دینے کی پڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تحریک عدم اعتماد آئی تو سپیکر کو یرغمال بنایا گیا، ڈپٹی سپیکر سے آئین شکنی کرائی، صدر سے اسمبلی تحلیل کرائی، سازش کی تھیوری عمران نیازی کے ذہن کی ایجاد تھی، عمران نیازی نے اس تھیوری سے قوم کو ورغلانے کی کوشش کی، عمران نیازی نے لوگوں کو ورغلانے میں پی ایچ ڈی کررکھی ہے۔