خاتون جج کو دھمکی دینے کا کیس، عمران خان کی عبوری ضمانت منظور

خاتون جج کو دھمکی دینے کا کیس، عمران خان کی عبوری ضمانت منظور

اسلام آباد: عدالت عالیہ نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 7 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ 
واضح رہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی، یہ درخواست ڈاکٹر بابر اعوان کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی۔ 
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کیلئے بینچ تشکیل دیا تھا جس نے سماعت کرتے ہوئے عمران خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔ 
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان کے خلاف ابتدائی طور پر دہشت گردی کا مقدمہ بنایا گیا ہے، ہائیکورٹ نے دہشت گردی کی دفعات ختم کیں تو کیس منتقل ہو گیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت سے کیس منتقل ہونے پر ضمانت بھی مسترد ہو گئی ہے، سیاسی مخالف حکومت نے بد نیتی کے تحت مذموم مقاصد کیلئے جھوٹا مقدمہ بنایا ہے۔عدالت سے استدعا ہے کہ عمران خان کی آزادی اور جان کو خطرہ ہے، انہیں ضمانت دی جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے۔ تھانہ مارگلہ کے علاقہ مجسٹریٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 20 اگست کو درج مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

مصنف کے بارے میں