حافظ آباد: عدالت نے ضلع حافظ آباد کے شہر جلالپور بھٹیاں میں پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے شخص کو 6 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔
تفصیل کے مطابق جلالپور بھٹیاں میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے پہلی بیوی سے اجازت لئے بغیر دوسری شادی کرنے والے شخص کو 6 چھ ماہ قید کی سزا سنانے کیساتھ ساتھ 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ شخص کی پہلی بیوی نے جلالپور بھٹیاں میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں تحریری درخواست جمع کرائی جس پر اس کے شوہر کو جیل بھیج دیا گیا۔ بعد ازاں الزام ثابت ہونے پر اسے 6 ماہ قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے حال ہی میں ایک تاریخی فیصلہ سنایا تھا کہ کسی بھی شخص کیلئے دوسری شادی کرنے کیلئے پہلی بیوی اور ثالثی کونسل سے اجازت لینا لازمی ہو گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے یہ فیصلہ ایک خاتون کی جانب سے سیشن کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے بعد سنایا تھا جس میں عدالت نے اجازت لئے بغیر دوسری شادی کرنے والے شخص کو بری کر دیا تھا۔