تحریک انصاف کو الیکشن سے قبل بڑی کامیابی مل گئی ،مخالف پارٹی کی بڑی وکٹ گرا دی

06:32 PM, 2 Oct, 2021

مظفر آباد:تحریک انصاف آزاد کشمیر نے حلقہ ایل اے 5 چڑہوئی میں مسلم کانفرنس کی بڑی وکٹ گرا دی، سابق مشیر حکومت راجہ آفتاب ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس کا کہنا ہے کہ ڈنڈے اور بندوق کے ذریعے الیکشن چوری کرنے نہیں دیں گے، مخالفین جو بھی حربہ آزمائیں ہم جمہوری لوگ ہیں اور شکست مخالفین کا مقدر ہوگی۔

صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر اور سینیئر وزیر آزاد کشمیر حکومت سردار تنویر الیاس نے پریس کانفرنس کی، اس موقع پر مسلم کانفرنس کے سینکڑوں کارکنوں نے سابق مشیر آزاد حکومت راجہ آفتاب کی قیادت میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔

صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر اور سینیئر وزیر آزاد حکومت سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آزاد کشمیر کے دو حلقوں میں ضمنی انتخابات ہونے جارہے ہیں،میرپور میں ہمارے امیدوار یاسر سلطان بہت مضبوط امیدوار ہیں،چڑھوئی کے حلقے میں ہمارے دو کارکنان نے جان دی،ہمارے کارکنان نے الیکشن چوری کرنے کا راستہ روکنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف کارکنان کی قربانیوں کی قدر کرتی ہے،جیالاازم صرف پیپلز پارٹی میں تھا لیکن کارکن اب مایوس ہیں،پیپلزپارٹی کے کارکنان نے دیکھا کہ کیسے پیسہ باہر گیا،پیسہ ٹرکوں اور لانچوں کے ذریعے ملک سے باہر لے جایا گیا،جب ان سے پوچھا جاتا ہے تو زرداری صاحب کہتے ہیں ریڑھی والوں کا قصور ہے کہ اس کے اکاؤنٹ میں پیسے آگئے۔

سر دار تنویر الیاس نے کہا عمران خان بہت پر آسائش زندگی چھوڑ کر سیاست میں آئے،پورے مغرب میں صرف ایک پاکستانی سیاستدان کی پہچان ہے وہ عمران خان ہے۔

مزیدخبریں