لاہور:مسکراہٹوں کےبادشاہ کامیڈی کنگ عمرشریف جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے،دوسرے کے چہروں پر مسکراہٹوں بکھیرنے والاآج سب کو اُدا س کر کے چلا گیا ،عمر شریف کے انتقال پر شوبز سے جڑی شخصیات اداس اور غمگین ہیں، لالی ووڈ ،بالی ووڈ انڈسٹری کے اداکاروں کا کہنا ہے کہ عمر شریف جیسا کامیڈین صدیوں میں ایک بار پیدا ہوتا ہے۔
نیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سینئر اداکار محمد قوی خان نے عمر شریف کی وفا ت کو انڈسٹری کے لئے بہت بڑا نقصان قرار دیا،سینئر اداکار قوی خان نے کہا عمرشریف بہترین انسان تھے ،عمر شریف انڈسٹری میں سینئر جونیئر تمام اداکار وں کا خیال رکھنے والے تھے ،عمر شریف نے برجستہ جملوں سے اپنا لوہا منوایا ،انہوں نے کہا عمر شریف جیسے اداکار صدیوں نہیں ملتے ،ان کا کوئی ثانی نہیں ،آج نہ صرف پاکستان فلم ،ٹی وی ڈرامہ ،سٹیج انڈسٹری افسردہ ہے بلکہ پوری دنیامیں ان کے چاہنے والے گہرے دکھ اور صدمے میں ہیں۔
معروف شوبز اسٹار جاوید شیخ نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا عمرشریف جیسااداکارپاکستان میں اب نہیں ہے،عمرشریف نے اپنی کامیڈی سے لاکھوں روتے چہروں کو ہنسایا،انہوں نے کہا عمرشریف اور میری جدوجہد ایک ساتھ اسٹیج پر ہوئی،آج عمرشریف کی وفات سے دل انتہائی افسردہ ہے.
اداکارہ کنول کا کہنا تھا عمرشریف کی وفات پر دل انتہائی افسردہ ہے،عمرشریف جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں،عمر شریف نے دنیا بھر کے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر کر ملک و قوم کا نام روشن کیا۔
عمر شریف کے ساتھ طویل رفاقت رکھنے والے اسماعیل تارنے کہا عوام کو جس طرح عمر شریف نے ہنسایا، ویسا شاید ہی کبھی کوئی ہنسا پائے،اداکارہ اسماعیل تارا نے نیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان سمیت پوری دنیا کالاڈلاآج چلا گیا ،عمرشریف کی رحلت پر انتہائی افسردہ ہوں،انہوں نے کہا عمرشریف کی خدمات پاکستان کیلئے ناقابل فراموش ہیں،عمرشریف جیسا اداکار دنیا میں دوبارہ پیدا نہیں ہوسکتا۔
اسماعیل تارا کا کہنا تھا عمرشریف نے جب بھی کام کیا،اس نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا،عمرشریف نے اپنے کام سے ہی دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا،عمر شریف کی وفا ت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسماعیل تارا نے کہا عمرشریف کو اتنی جلدی نہیں جانا چاہئے تھا،عمرشریف کے جانے سےانتہائی دکھی ہوں،عمرشریف نے کامیڈی میں جب بھی کام کیا بہت نام کمایا،انہوں نے کہا عمرشریف کا کسی سے مقابلہ نہیں تھا،وہ حقیقت میں کامیڈی کنگ تھا،عمرشریف کامیڈی کنگ تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔
اداکار، مصنف، ہدایتکاراورکامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمرشریف کے انتقال پراسٹارزغمزدہ ہیں اوردکھ کا اظہارکررہے ہیں, اداکارکے انتقال کے بعد کامیڈی کی دنیا کا ایک عہد تمام ہوگیا, اداکارکے انتقال پرسب ہی افسردہ ہیں۔
گلوکارابرارالحق نے کہا کہ ہمیں ہنسانے والا آج رلا کرچلا گیا۔ عمر شریف کی حب الوطنی اورانسان دوستی کو نہیں بھلایا جاسکتا۔گلوکار و اداکار علی ظفر نے کہا کہ دکھ کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں ہیں، خدا عمرشریف کو جنت میں جگہ دے۔اداکارعدنان صدیقی نے کہا کہ آپ نے ہمیں بہت ہنسایا اوراب ہمیں چھوڑکرچلے گئے۔ ہم سب بہت افسردہ ہیں۔
فیصل قریشی نے کہا کہ عمرشریف کے انتقال کی خبرسن کرغمگین ہوں۔ وہ انڈسٹری کے حقیقی اداکارتھے۔ خدا انہیں جنت نصیب کرے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے معروف اداکار، کامیڈین، ہدایت کار، پروڈیوسر اور ٹیلی ویژن شخصیت کا اصل نام محمد عمر ہے، وہ 19 اپریل 1955 کو لیاقت آباد میں پیدا ہوئے تھے۔ عمر شریف کا شمار نہ صرف پاکستان کے بلکہ برصغیر کے نامور کامیڈینز میں ہوتا ہے۔ ان کا مشہور اسٹیج ڈراما بکرا قسطوں پر پاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوا تھا۔