عمر شریف کی وفات پر شہباز گل اور فردوس عاشق اعوان کا اظہار افسوس

04:26 PM, 2 Oct, 2021

لاہور: معروف کامیڈین عمر شریف کے انتقال پر سیاستدانوں کی جانب سے بھی دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے اور وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ عمر شریف کی رحلت پر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ 
تفصیل کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ عمر شریف صاحب کی رحلت پر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ اللہ تعالیٰ عمر شریف صاحب کو غریق رحمت کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ عمر شریف کو اپنے کام کے باعث کامیڈی کی دنیا میں منفرد مقام حاصل رہا جنہوں نے اپنے شاندار کام سے نسل در نسل ناظرین کے دل جیتے اور وہ عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ 
سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مزاح کی دنیا کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کی وفات پر دلی دکھ اور افسوس ہوا، عمرشریف نے ہزاروں، لاکھوں دلوں پرراج کیا، ان کی وفات سے فن مزاح میں پیدا ہونے والا خلا شاید ہی پورا ہو سکے۔ 
انہوں نے عمر شریف کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رنج و الم کے اس موقع پر اللہ تعالی ان کے اہل خانہ کوصبر جمیل اور مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائیں۔ 

مزیدخبریں