کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کے انتقال پر سیاسی شخصیات کا اظہار افسوس

Political figures, mourn, death, comedy king, Umer Sharif, CM Punjab Usman Buzdar

لاہور: کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کے انتقال پر سیاسی شخصیات نے اظہار افسوس اور  سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب  عثمان بزدار نے کہا کہ صد افسوس ! چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والا فنکار اپنے چاہنے والوں کو دکھی کر گیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمر شریف اپنی طرز کے بہترین فنکار تھے ، ان کی کمی تادیر محسوس کی جائے گی ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ عمر شریف کے انتقال کی خبر سن کر صدمہ پہنچا ۔ مرحوم نے اپنے منفرد فنِ مزاح سے پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن کیا ۔

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ فن کے لیے ان کی خدمات کو  تادیر یاد رکھا جائے گا ۔ اللہ تعالی عمر شریف کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور  کہا کہ ان کی موت سے فن کی دنیا میں پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہوگا ۔

سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین ، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر مونس الٰہی نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عمر شریف پاکستان کے ایسے فنکار تھے جنہیں پوری دنیا جانتی تھی ۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمر شریف فنکار برادری کا درد رکھنے والے انسان تھے ۔ وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب  لاہور کے علاقے گلبرگ میں عمر شریف کے نام سے روڈ بھی منسوب کیا تھا ۔

وفاق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف کی وفات فن کی دنیا کے لیے بہت بڑا نقصان ہے ۔

واضح رہے کہ کامیڈی کنگ عمر شریف آج جرمنی میں  انتقال کرگئے ۔ انہیں ایئرایمبولینس پر علاج کے لیے امریکا لے جایا جا رہا تھا ، جرمنی میں ان کی طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال میں منتقل کیا گیا لیکن  وہ  میں دم توڑ گئے ۔