ممبئی: ماضی کی معروف بھارتی اداکارہ عائشہ جھلکا کا کہنا ہے کم عمری میں بہت اچھے کردار کئے لیکن جب اداکاری کی سمجھ آئی تو فلموں سے دور ہوگئی ہوں۔
بھارتی اداکارہ نے ہندوستان ٹائمز سے انٹرویو میں کہا کہ ان کو جوانی میں کئی اچھے کردار ملے لیکن وہ ان سے بھی بہتر کام کرسکتی تھیں ۔ جوانی میں ان کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھا یا گیا جس کی وجہ سے انہوں نے آخر کار فلموں سے کنارہ کشی اختیار کرلی ۔
عائشہ جھلکا نے سال 1990 میں صرف 16 برس کی عمر میں سلمان خان کے مقابل فلم قربان میں ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا ۔ فلم قربان نے بھارتی انڈسٹری میں خوب بزنس کیا تھا ۔
عائشہ جھلکا نے کہا کہ ماضی میں ان کی ایک ہی سال میں پانچ پانچ فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں، تاہم اب وہ طویل عرصے سے اسکرین سے دور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں بچپن سے ہی فلمیں دیکھنا پسند تھااور عام لڑکیوں کی طرح بننا سنورنا اچھا لگتا تھا اوراکثر فلمی اداکاراؤں کی نقل کیا کرتی تھی مگر یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں بھی فلموں میں اداکاری کروں گی ۔
عائشہ جھلکا نے کہا کہ پہلی فلم صرف شوق کی تکمیل کے لئے کی تھی لیکن ابھی یہ فلم تکمیل کے مراحل میں ہی تھی کہ کئی فلموں کی آفر ز ہوگئیں اور پھر ایک کے بعد ایک فلم آتی رہی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طورپر کم عمری کی وجہ سے انہیں اپنے کردار سمجھ نہیں آئے، انہیں تقریبا تمام فلموں میں ہیروئن کے رومانوی کردار دیے گئے اور انہیں ہیروز کے ساتھ درختوں، پھولوں، پہاڑوں اور جنگل میں رقص اور پیار کرتے دکھایا گیا۔
عائشہ جھلکا کا کہنا تھا کہ گذرتی عمر کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ صرف رومانوی کردار کرنے سے ان پر ایک خاص قسم کی چھاپ لگ گئی ۔ انہیں ایک قسم کے کردار نہیں کرنے چاہئے تھے ۔ مگر افسوس انہیں ایک ہی قسم کے کرداردیئے گئے اور ایک خاص عرصے کے بعد وہ فلموں سے ہی آؤٹ ہوگئیں ۔
یاد رہے کہ 49 سالہ عائشہ جھلکا نے 10 سالہ کیر ئیر میں قربان ، کھلاڑی ، میت میرے من کے ، بلما، چاچی چارسوبیس، پھول اورآگ، ہوتے ہوتے پیار ہوگیا ،جیسی متعددفلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔انہوں نے اپنے دور میں عامر خان، سلما ن خان ، سنجے دت، اکشے کمار جیسے اداکاراؤں کے ساتھ لیڈرول کئے ۔