سری لنکن ویمن کرکٹ ٹیم رواں مہینے پاکستان کا دورہ کرے گی

01:07 PM, 2 Oct, 2021

لاہور: سری لنکن ویمن کرکٹ ٹیم رواں مہینے پاکستان کے کرکٹ میدانوں کی رونق بڑھانے آئے گی ۔ 3ون ڈے میچز کھیلنے کیلئے سری لنکن ٹیم 15 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔ 


نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کئے جانے کے بعد انگلینڈ نے بھی رواں مہینے شیڈول مینز اور ویمنز سکواڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کر دیا تھا۔  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے یہ خلاءپر کرنے کیلئے سری لنکا کی مینز ٹیم کو بلانے کا منصوبہ تیار کیا مگر لاجسٹک مسائل کی وجہ سے اس پر عملدرآمد نہ کیا جا سکا تاہم ویمن سکواڈ کی آمد ہو رہی ہے۔


ذرائع کے مطابق مہمان کرکٹرز اور معاون سٹاف 15 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے اور 7 روز تک قرنطینہ اختیار کریں گے جس کے بعد ایک پریکٹس میچ کھیلا جائے گا اور پھر 3ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز ہو گی جس کے بعد سری لنکن ٹیم 29اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔


واضح رہے کہ آئی لینڈرز کی خواتین ٹیم پہلی بار کسی باہمی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی، اس سے قبل 2005-06ءمیں  ٹیم  ویمن ایشیا کپ میں شرکت کیلئے آئی تھی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری باہمی سیریز 2018میں کھیلی گئی جس میں پاکستانی ویمن ٹیم نے کلین سویپ کیا تھا۔

مزیدخبریں