راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کو ایک بڑی کامیابی مل گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی ۔ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر بویا میں آپریشن کیا اور اس آپریشن میں بارودی سرنگیں بنانے والے ماہر سمیت 2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ دوران آپریشن ایک دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر 25 سے زائد حملوں میں ملوث تھے جبکہ دہشتگرد مقامی افراد کے قتل اور بھتہ خوری میں بھی ملوث تھے۔
خیال رہے کہ 7 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلہ میں اہم دہشتگرد وسیم زکریا 5 دیگر ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا تھا جبکہ 10 اہم دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
کمانڈر وسیم کا تعلق میر علی کے علاقہ حیدر خیل سے تھا۔ دہشت گرد وسیم حسوخیل کے پاس آرمی قافلے پر حملے میں بھی ملوث تھا۔ دہشتگرد وسیم سی ایس ایس افسر زبید اللہ داوڑ کی شہادت میں ملوث تھا۔ دہشتگرد وسیم زکریا علاقے میں ٹارگٹ کلنگ اور حکومتی اداروں پر حملے میں ملوث تھا جبکہ 2019 سے 2020 تک 30 مختلف دہشتگرد کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔