پیمرا نے لاہور موٹروے زیادتی کیس کی تفصیلات نشر کرنے پر پابندی لگا دی

08:18 PM, 2 Oct, 2020

اسلام آباد: پیمرا کی جانب سے جاری ایک بیان میں تمام ٹی وی چینلز کو موٹروے زیادتی کیس سے متعلق مزید خبریں نشر کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے انتظامی جج کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ کیس کی بہتر پیروی کیلئے اس کیس سے متعلق مزید خبریں نشر کرنے پر پابندی لگا دی جائے۔

عدالت نے کہا ہے کہ کیس میں ابھی تک ایک ملزم پکڑا جا چکا ہے اور اس کی مزید تفتیش جاری ہے اگر میڈیا پر کیس کی تمام کارروائی چلتی رہے تو اس سے مزید ثبوت اور گواہ مٹائے جانے کا خدشہ ہے۔ یہ ایک حساس نوعیت کا زیادتی کیس ہے جس میں متاثرہ خاتون کی عزت کو بھی خطرہ ہے۔ اسی لئے عدالت نے چئیرمین پیمرا کو ہدایات جاری کی ہیں کہ متعلقہ کیس نمبر 1369/2020 بتاریخ 9 ستمبر تھانہ گجر پورہ کی تمام پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نشریات روک دی جائیں۔

پیمرا نے عدالت کے حکم پر متعلقہ تمام ٹی وی چینلز اور اخبارات کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ خلاف ورزی کرنے پر ذمہ داران کو پیمرا کے آرڈینس 2002 کے تحت سخت سزا دینے کی تنبہیہ بھی کر دی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو مفرور اور اشتہاری قرار دیے جانے والے مجرموں کے انٹرویوز، تقاریر اور عوامی اجتماعات سے خطاب نشر کرنے اور ریکارڈنگ چلانے سے روک دیا تھا۔ 

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے تمام ٹی وی چینلز کو مراسلہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت لائسنس یافتہ ٹی وی چینلز مفرور اور اشتہاری قرار دینے جانے والے مجرموں کے انٹرویوز، تقاریر اور خطابات نشر نہیں کر سکتے اور نہ ہی ان کی ریکارڈنگ چلائی جا سکتی ہے۔

مزیدخبریں