نواز شریف اور پورا خاندان اشتہاری، مفرور ہے:مراد سعید 

 نواز شریف اور پورا خاندان اشتہاری، مفرور ہے:مراد سعید 

اسلام آباد:وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ آرمی چیف سے لے کر سرحد پر لڑنے والے سپاہی تک سب اکٹھے ہیں، جو ان ہو یا افسر اکٹھے شہید یا غازی ہوتے ہیں، نواز شریف اور پورا خاندان اشتہاری، مفرور ہے، دشمن کے بیانیہ پر پاک فوج کوبدنام اور ہندوستانی سرمایہ کاری کا حق ادا کر رہے ہیں۔ 

 وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپنے بیان میں کہا کہ میاں نواز شریف مفرور اور عدالتوں سے سرٹیفا ئیڈ جھوٹے ہیں، نواز شریف اور ان کا پورا خاندان عدالتوں سے مفرور اور اشتہاری ہیں، نواز شریف ہندوستان جا کر حریف رہنمائوں سے ملاقات کرنے کی بجائے، ہندوستانی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کرتے ہیں، کھٹمنڈو میں چھپ کر ملاقات کرتے ہیں۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ ہندوستانی میڈیا پر یہ چل رہا ہے کہ ہندوستان نے میاں نواز شریف پر سرمایہ کاری کی ہے اور پاک افواج سے چھپ کر ملاقاتیں کوئی کیوں کرتا ہے، سجن جندال بغیر ویزا کے مری آیا اور اسے میاں نواز شریف نے چھپانے کی کوشش کی، کلبھوشن کے معاملے پر نواز شریف نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے، ان کے بیانات عالمی عدالت میں ثبوت کے طور پر پیش کئے جاتے ہیں۔ 

مراد سعید نے کہا کہ آرمی چیف سے لے کر سرحد پر لڑنے والے سپاہی تک سب اکٹھے ہیں، جوان ہو یا افسر اکٹھے شہید یا غازی ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو بدنام کرنے کیلئے نواز شریف نے امریکہ میں لابنگ فرم ہائیر کی اور دشمن کے بیانیے پر پاکستان کے خلاف بات کر رہے ہیں۔

ہندوستان نے جو سرمایہ کاری کی اس کا حق ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے فوج سے متعلق جو باتیں کی ہیں وہ دہرائی نہیں جا سکتی ہیں، پاکستان واحد ملک ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتا ہے،ہمارے سپاہیوں اور افسران نے شہادتیں دی ہیں۔