لاہور:نواز شریف پر ہونیوالی تنقید پر اداکارہ وینا ملک نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھولیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف کو میزائل پروگرام کے حوالے سے دیئے گئے بیان پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے تو انہیں ملک کیلئے سکیورٹی رسک بھی قرار دیدیا ہے۔
جہاں سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر نواز شریف پر تنقید کی جارہی ہے وہیں مریم نواز کو بھی نہیں بخشا گیا ہے اور ان پر بھی پریس کانفرنس کے بعد تنقید کے نشتر برسائے جا رہے ہیں۔
اسی تنقید کی بہتی گنگا میں اداکارہ وینا ملک نے بھی ہاتھ دھو لئے ہیں اور اسی بحث میں حصہ لیتے ہوئے اداکارہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو طنز کا نشانہ بنایا ہے۔
وینا ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’آئی فون کے ایپل کو چک بھی میں نے ہی مارا تھا...!نواز شریف‘‘۔
واضح رہے کہ نواز شریف نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ’آدھے میزائل تو میں نے تیار کروائے ہیں اور یہ جو ٹوماہاک ہے وہ بھی نواز شریف نے بنوایا تھا۔ وہ ہم بلوچستان سے لے کر آئے تھے جب کلنٹن نے افغانستان پر راکٹ چلائے تھے۔‘
نواز شریف کے اس بیان کے بعد ٹوئٹر پر ان کا یہ بیان ’’ایجادات_نواز شریف‘‘ کے نام سے ٹرینڈنگ میں آگیا اور صارفین نے تنقید کے ساتھ ساتھ طنزیہ طور پر استعمال ہونے والے میمز بھی بنانے شروع کردیئے ۔