اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے آذربائیجان کی افواج سے مل کر پاکستانی فوج کے لڑنے بارے میڈیا رپورٹس پر بیان دیتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسی رپورٹس اور اطلاعات انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہیں۔ آذربائیجان میں آرمینیا کیخلاف پاکستانی فوج کے لڑنے کی رپورٹس بے بنیاد ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نگورونو کاراباخ کے خطے میں سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال پر سخت تشویش کا شکار ہے۔ آذربائیجان کی شہری آبادی پر آرمینیائی فوج کی گولہ باری قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ خطے میں امن وسلامتی کو لاحق خطرات سے بچنے کیلئے آرمینیا کو کارروائی روکنا ہوگی۔ پاکستان نگورونو کاراباخ سے متعلق آذربائیجان کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔
زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ نگورونو کاراباخ پر آذربائیجان کا موقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متفقہ طور پر منظور قراردادوں کے مطابق ہے۔
واضح رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا دونوں سابق سویت یونین کی ریاستیں تھیں۔ سوویت یونین کے ختم ہونے کے بعد گزشتہ 30 سال سے نگورونو کاراباخ کے علاقے پر دونوں ممالک میں تنازع پایا جاتا اور دونوں ملکوں کے درمیان اس معاملے پر 90 کی دہائی میں جنگ بھی ہو چکی ہے۔