لاہور: عدالت نے خواجہ برادران کے خلاف پیراگون سکینڈل کیس کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے مزید گواہوں کو پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ لوگوں کی ایک وقت کی روٹی پوری نہیں ہو رہی، ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ حکومت نے قسم کھائی ہوئی ہے کہ کام کوئی نہیں کرنا۔ ملکی حالات پر کیا اپوزیشن خاموش رہے؟
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کہتا ہوں کہ محاذ آرائی سے بچنا چاہیے لیکن انتقام کی کوئی حد ہوتی ہے۔ اپوزیشن انتقامی کارروائیوں سے تنگ آ چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے حکومت کیخلاف مل کر جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان گوریلا جنگ سے نہیں بنا تھا۔ ملک میں معاشی بدحالی ہے، لوگ بے روزگار ہیں۔ بیروزگاری بڑھنے سے سٹریٹ کرائمز بڑھ گئے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ سارے مخالف جیلوں میں ہوں یا اوپر چلے جائیں تاکہ انھیں میدان صاف ملے۔