وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا 30 ارب روپے مالیت کی پنجاب روزگار سکیم کا افتتاح

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا 30 ارب روپے مالیت کی پنجاب روزگار سکیم کا افتتاح

لاہور: پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روز 30 ارب روپے مالیت کی پنجاب روزگار سکیم کا افتتاح کیا جس کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو قرضے فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے لاہور میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکیم سے ناصرف اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی بلکہ لاکھوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوںگے۔

وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور بنک آف پنجاب آسان شرائط پر ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کے قرضے مشترکہ طور پر فراہم کریںگے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں تاریخ کی سب سے بڑی روزگار سکیم فراہم کرنے کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس حوالے سے منعقدہ ای تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب روزگار سکیم کے تحت 30 ارب روپے سے زائد کے قرضے آسان شرائط پر دیئے جائیں گے۔ اس سکیم سے 16 لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے روزگار کی فراہمی کے وعدوں کی تکمیل کیلئے عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ روزگار سکیم کے ذریعے لاکھوں نوجوان معاشی طورپر خود مختار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب روزگار سکیم کے ذریعے ٹیکسٹائل کے 26 سب سیکٹرز سمیت 23 مختلف شعبوں کے 339 سب سیکٹرز کیلئے کاروبار، تجارت اور مینوفیکچرنگ کے لئے چھوٹے قرضے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب روزگار سکیم سے 20 سے 50 سال تک کے مرد حضرات، خواتین اور خواجہ سرا مستفید ہو سکیں گے۔ اس سکیم میں سپیشل افراد کو بھی شامل کر رہے ہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اوربینک آف پنجاب کے اشتراک سے ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کے قرضے انتہائی کم شرح سود پر فراہم کیے جائیں گے۔ قرضے کی واپسی کی شرائط بھی آسان ہوں گی۔