فردوس جمال لیجنڈ اداکار ہیں ،انکی تنقید پر ذرا بھی ملال نہیں ‘ عمران اشرف

11:45 AM, 2 Oct, 2019

لاہور: اداکار عمران اشرف نے کہا ہے کہ فردوس جمال لیجنڈ اداکار ہیں اور مجھے ان کی تنقید پر ذرا بھی ملال نہیں ،وہ ایک منجھے ہوئے اداکار ہیں اور انہوں نے میرے کام کو باریک بینی سے دیکھا او رجو خامی نظر آئی اسے اجاگر کیا ۔

عمران اشرف نے کہا کہ فردوس جمال میرے لئے انتہائی قابل احترام ہیں ،میں ان کی تنقید کا جائزہ لوں گا اور کوشش کروں گا کہ میں ان سے اداکاری کے بارے میں سیکھوں ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو تنقید بری لگتی ہے لیکن میں ان لوگوں میں سے نہیں بلکہ تنقید کو مثبت انداز میں لیتا ہوں اور اس سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔


عمران اشرف نے سوشل میڈیا پیچ پر فردوس جمال کی تنقید پر رد عمل میں کہا کہ وہ بہت ہی با کمال اداکار ہیں اور میں ان کی رائے اور نظریے کا احترام کرتا ہوں کیوں کہ فردوس جمال صاحب ہماری انڈسٹری کے بڑے ہیں اور یقیناً اگر فردوس صاحب ” بھولے “ کا کردار ادا کرتے تو مجھ سے ہزار گناہ زیادہ بہتر کرتے۔

عمران اشرف نے سوشل میڈیا صارفین سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی فردوس صاحب کی بات پر جذبات سے بھرا کمنٹ اور رائے کا اظہار نہیں کرے۔ جیسے گھر میں بڑے ہمیں سمجھانے کے لئے کچھ کہتے ہیں تو ہم برا نہیں مانتے ٹھیک اسی طرح فردوس جمال صاحب بھی ہمارے بڑے ہیں اور مجھے ان کی بات کا بالکل بھی برا نہیں لگا بلکہ میں مزید سیکھنے کی کوشش کروں گا۔

واضح رہے کہ اداکارفردوس جمال نے عمران اشرف سے متعلق کہا تھا ڈرامہ ”رانجھا رانجھا کردی“ میں ان کی جانب سے ادا کیا گیا بھولے کا کرداربہترین اداکاری نہیں بلکہ محض دکھاوا تھا، اورایسا کردارپہلے بھی بہت سے فنکارادا کرچکے ہیں۔

مزیدخبریں