اسلام آباد:طالبان کے سینئر رہنما ملا محمد برادر کی سربراہی میںاعلیٰ سطح کا وفد آج پاکستان کا دورہ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق افغان امن عمل کے سلسلے میں ملا محمد برادر کی سربراہی میں طالبان کا اعلی سطح وفد آج اسلام آباد کا دورہ کرے گا جبکہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان زلمے خلیل زاد بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ طالبان نمائندے پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جس میں افغان امن عمل سمیت متعدد اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔
د ا.ا.ا. د سیاسي مرستیال محترم ملا برادر اخند په مشري یو لوړ پوړی پلاوی سبا د اکتوبر په ۲مه په رسمي بلنه اسلام اباد ته سفر کوي.هلته به دیاد هیواد له چارواکو سره په یولړ مهمو موضوعاتو خبري وکړي.دا له روسیې،چین او ایران وروسته څلورم رسمي سفر دی چي دسیمي هیوادو نو ته تر سره کیږي.
— Suhail Shaheen (@suhailshaheen1) October 1, 2019
سہیل شاہین نے کہا کہ طالبان کو اس دورے کیلیے سرکاری طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ افغان امن کے سلسلے میں طالبان اس سے پہلے تین ممالک روس ،چین اور ایران کا دورہ کرچکے ہیں جس کے بعد اب وہ چوتھے ملک پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا اور طالبان کے درمیان افغان امن معاہدے پر اتفاق ہوگیا تھا اور مذاکرات کامیاب ہونے والے تھے، تاہم پھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا جس کے نتیجے میں پورا امن عمل متاثر ہوگیا۔