اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسد عمر کی صدارت میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ اجلاس میں بجلی کے لائن لاسز میں کمی کے لیے اہم فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو اگست کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے فنڈز اور تمباکو کے لیے سیس کے نظر ثانی شُدہ ریٹ کی منظوری دیدی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کے الیکٹرک کے مسائل حل کرنے کے لیے کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے جس میں خزانہ و پاور ڈویژن، وزارت پٹرولیم اور آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے حکام شامل ہوں گے۔