امریکہ کے اقدامات اقوام متحدہ کی تباہی کا باعث بن سکتے ہیں:جرمن چانسلر

 امریکہ کے اقدامات اقوام متحدہ کی تباہی کا باعث بن سکتے ہیں:جرمن چانسلر
کیپشن: Image by Mashable

برلن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے رویے اور پالیسیوں کو جرمنی کی چانسلر انگیلا میرکل شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ اپنی نفرت آمیز پالیسی سے اقوام متحدہ کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔


انٹرنیشنل میڈیا رپورٹ کے مطابق انگیلا میرکل نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں امریکی صدر کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے اقدامات اقوام متحدہ کی تباہی کا باعث بن سکتے ہیں۔ ٹرمپ اپنے متنازعہ بیانات اور رکن ممالک کے لیے منفی رویے سے اقوام متحدہ کو تباہ کرنے سے باز رہیں۔


جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے امریکی صدر کی تقریر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہا کہ نیا پلیٹ فارم فراہم کیے بغیر پہلے سے تشکیل شدہ پلیٹ فارم کو ختم کر دینا انتہائی خطرناک عمل ہے۔ امریکی صدر کو خبر دار کرتی ہوں کہ ایسا ہرگز نہ کریں۔


انگیلا میرکل نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سالمیت اور خود مختاری پر حملہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے جس سے حالات بے قابو ہو جائیں گے اور دنیا عالمی رہنمائی سے محروم ہو جائے گی۔ انتظامی امور کا فقدان خطرناک ثابت ہو سکتا ہے جس سے نفسانفسی اور افراتفری پیدا ہوجائے گی۔


واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں اقوام متحدہ کی موجودگی اور کارکردگی پر سوال اٹھائے تھے اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ اقوام متحدہ کو ختم کرنے کے خواہاں ہیں۔