لندن:دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کے نام ایک اور اعزاز جڑ گیا ہے اور ان کی تصویر لندن کی نیشنل پورٹریٹ گیلری میں آویزاں کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملالہ یوسفزئی کے والد ضیاءالدین یوسفزئی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا گیا جس میں ملالہ یوسف زئی کی تصویر کے ساتھ معروف پشتو شاعر رحمت شاہ کی نظم بھی چسپاں کی گئی جس میں ملالہ یوسف زئی کو ہمت و شجاعت کا مظاہرہ کرنے کے لیے خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
ضیاءالدین یوسف زئی نے ٹوئٹر پر لندن کی نیشنل پورٹریٹ گیلری میں آویزاں ملالہ کی تصویر اور نظم شیئر کی اور ساتھ میں لکھا، ’ہم فنکار شیرین نشاط کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ایک زبردست فن پارہ بنایا ہے جو ہمت، حوصلے اور عزم کی عکاسی کر رہا ہے‘۔
Portrait of @Malala by Shirin Nishat unveiled at @NPGLondon.The poem inscribed on the portrait is written by the great Pushto poet Rahmat Shah Sayel.We are grateful to the artist for creating this wonderful piece of art depicting strength,resilience&courage. pic.twitter.com/RLHMW93xxS
— Ziauddin Yousafzai (@ZiauddinY) October 1, 2018
خیال رہے کہ ملالہ اس وقت لندن کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں، ساتھ ہی وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم اور خواتین کے حقوق کے لیے بھی کام کرتی ہیں جس کے لیے ملالہ فنڈز کا قیام عمل میں لایا گیا۔
ملالہ یوسف زئی کا تعلق سوات سے ہے جنہیں 2009 میں 12 برس کی عمر میں سکول سے واپسی پر دہشت گردوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد ان کو طبی علاج کے لیے لندن لے جایا گیا اور وہ اب وہیں مقیم ہیں۔