پاک بھارت کرکٹ قانونی جنگ، سماعت کا آغاز، نجم سیٹھی بطور گواہ پیش

12:47 AM, 2 Oct, 2018

دبئی: پاک بھارت کرکٹ بورڈز کے درمیان قانونی جنگ کی سماعت ہوئی جس میں سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی بطور گواہ پیش ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کرکٹ بورڈز کے درمیان قانونی جنگ کیس کی تین روزہ سماعت کا آج سے آغاز ہوا جس میں سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اپنے دلائل پیش کیے، بھارت کی جانب سے بورڈ کے سابق جنرل منیجر رتناکر شیٹھی شریک ہوئے۔

آئی سی سی کی تین رکنی کمیٹی کی سربراہی مائیکل بیلوف کررہے ہیں، پہلے روز کی سماعت کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے پاک بھارت معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

کمیٹی کی سماعت منگل کی صبح ساڑھے 9 بجے تک ملتوی کردی گئی، دوسرے روز بھارت کی جانب سے موقف پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاک بھارت معاہدہ 2014 میں ہوا تھا جس کے تحت پاک بھارت 6 سیریز ہونا تھی بھارتی بورڈ نے ایک بھی سیریز نہ کھیلی جس پر پی سی بی ک یجانب سے 70 ملین ڈالرز ہرجانے کا کیس کیا گیا تھا۔

دونوں بورڈز کے درمیان معاملہ بات چیت سے بھی حل نہ ہوا، جس کے بعد پی سی بی معاملے کو آئی سی سی کی ڈسپیوٹ ریزولشن کمیٹی کے پاس لے گیا، جو اب کیس کا حتمی فیصلہ کرے گی۔

مزیدخبریں