عراقی ماڈل کے قتل کے بعد سابقہ مس عراق کو قتل کی دھمکیاں

12:45 AM, 2 Oct, 2018

بغداد: معروف عراقی ماڈل تارا فریس کے قتل کے بعد اب سابقہ مس عراق شیما قاسم کو قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عراقی دارالحکومت بغداد میں معروف ماڈل تارا فریس کے قتل کے بعد اب سابقہ مس عراق شیما قاسم کو قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، شیما قاسم کا کہنا ہے کہ انہیں ایک مسیج موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے تارا فریس کے قتل کے بعد اب تمہاری باری ہے۔

تین سال قبل شیما قاسم مس عراق منتخب ہوئی تھیں، بزنس ایڈمنسٹریشن کی طالبہ ملکہ حسن بننے پر بہت خوش تھیں اور پھولے نہیں سما رہی تھیں، مس عراق کے انتخاب میں کل آٹھ دوشیزاؤں نے حصہ لیا تھا۔


واضح رہے کہ چند روز قبل عراقی ماڈل اور سوشل میڈیا اسٹار تارا فریس کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کردیا تھا، انہیں اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ گھر سے باہر کہیں جارہی تھیں۔

عراقی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ 22 سالہ ماڈل تارا فریس کو نامعلوم افراد نے قتل کیا ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ماڈل کو داعش کے جنگجوؤں نے قتل کیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے تارا فریس کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ انہیں ان کے لائف اسٹائل کی وجہ سے قتل کیا گیا ہو، وہ مختلف کلر کے بالوں اور نت نئے ڈیزائن کے ملبوسات کے ساتھ تصاویر شیئر کرتی تھیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ فیشن انڈسٹری اور خواتین کے حقوق سے وابستہ ایک اور سماجی کارکن سوعد ال علی کو بھی قتل کردیا گیا تھا۔

مزیدخبریں