امریکی صدر کی مشیر بھی محفوظ نہیں، جنسی ہراسگی کا شکار ہونے کا انکشاف

12:41 AM, 2 Oct, 2018

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سینئر مشیر کیلیان کونوے نے انکشاف کیا ہے کہ وہ جنسی ہراسگی کا نشانہ بن چکی ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سینئر مشیر کیلیان کونوے نے کہا ہے کہ انہیں بھی جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا جاچکا ہے تاہم انہوں نے اس فعل کے مرتکب اور مقام ارتکاب کے بارے میں کوئی تفصیل بتانے سے گریز کیا۔

کونوے نے یہ انکشاف گزشتہ روز امریکی چینل سی این این پر نشر ہونے والے پروگرام میں دئیے گئے انٹرویو کے دوران کیا، انٹرویو میں کونوے ٹرمپ کے نامزد امیدوار بیرسٹر بریٹ کیوانو کے سپریم کورٹ میں تقرر کا دفاع کررہی تھیں۔

خاتون مشیر نے کہا کہ میں جنسی حملے، جنسی ہراس اور عصمت دری کا نشانہ بننے والوں کے حوالے سے انتہائی ہمدردی محسوس کرتی ہوں، انہوں نے کہا کہ میں جنسی حملے اور ہراسگی کا نشانہ بن چکی ہوں، بیرسٹر کیوانوو یا کوئی اور بھی شخص اس کا ذمہ دار نہیں، آپ کے نجی برتاؤ کا ذمہ دار آپ کو خود ہونا چاہئے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایف بی آئی کو حکم دیا تھا کہ وہ جنسی ہراسگی کے ارتکاب کے ملزم بیرسٹر کیوانوو کے حوالے سے مزید تحقیقات کرے.

اس حکم کے نتیجے میں سپریم کورٹ میں کیوانوو کے تقرر کی منظوری کے حوالے سے امریکی سینیٹ میں ہونے والی رائے شماری بھی ملتوی ہوجائے گی۔

قبل ازیں سینیٹ کی انصاف کمیٹی نے سپریم کورٹ میں کیوانوو کی نامزدگی کی توثیق کردی تھی، کیوانوو پر کچھ روز قبل ایک خاتون پروفیسر نے الزام لگایا تھا کہ کیوانوو نے انہیں 36 برس قبل جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا تھا جب وہ دونوں ہائی اسکول میں ساتھ پڑھتے تھے۔

مزیدخبریں